Wednesday, February 28, 2024

موضوع : مروجہ شب برات میں آتش بازی آتش پرست مجوسیوں اور ہنود ہند کی مشابہت ہے !

بسم الله الرحمن الرحيم 

السلام عليكم و رحمة الله وبركاته

محمد اقبال قاسمي سلفي 

 موضوع : مروجہ شب برات میں آتش بازی آتش پرست مجوسیوں اور ہنود ہند کی مشابہت ہے !

مصادر : مختلف مراجع و مصادر

بلاد ہند و پاک میں شعبان کی پندرہویں شب جسے شب برات کہا جاتا ہے ، اس رات بے شمار شرک و بدعات انجام دیے جاتے ہیں۔ان ہی میں سے آتش بازی و چراغاں کرنا ہے ۔

شعبان کی پندرہویں شب کو گھروں کو چراغاں کرنا ، گھر کی در و دیوار ،اور مکان و دکان کے مختلف حصوں میں چراغ جلا کر یا جدید لائٹس لگا خصوصی روشنی کا اہتمام کرنا بدعت ، فضول خرجی اور اسلامی تعلیمات کے منافی تو ہے ہی ، لیکن اس کا خطرناک پہلو یہ بھی ہے کہ یہ غیروں کی مشابہت اور آتش پرستی (آگ کی پوجا) ہے ۔

مشہور حنفی عالم ملا علی قاری حنفی لکھتے ہیں:  
اس رات چراغاں اور زیادہ روشنی کرنا قوم برامکہ کی ایجاد ہے ، یہ لوگ اصل میں آتش پرست تھے ، جب اسلام لانے تو انہوں نے یہ رسم اسلام میں داخل کر دی تاکہ مسلمانوں کے ساتھ نماز میں آگ کو سجدہ کریں ،شریعت میں اس رات چراغاں کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے ۔۔            

مرعاۃ المفاتیح شرح مشکوٰۃ المصابیح :جلد اول صفحہ: ١٩٨

شاہ عبد الحق دہلوی محدث دہلوی لکھتے ہیں: اور بدعت شنیعہ میں سے وہ رسم ہے جس کا اکثر بلاد ہند میں لوگوں نے رواج دے رکھا ہے یعنی چراغ جلانا اور اس کو مکانوں اور دیواروں پر رکھنا کیونکہ یہ وہ امر ہے جس کی معتبر کتابوں میں کوئی اصل نہیں بلکہ غیر معتبر کتابوں میں بھی نہیں ۔اور کوئی ضعیف اور موضوع روایت تک بھی اس کے بارے میں وارد نہیں ہوئی ۔اور نہ بلاد ہند کے سوا کسی ملک میں رواج ہے ، نہ حرمین شریفین میں ، اور نہ ان کے سوا عرب کے دیگر حصوں میں ۔اور نہ بلاد عجم میں ۔سواۓ ہندوستان اور پاکستان کے ۔بلکہ ممکن ہے اور یہی ظن غالب ہے کہ ہندوؤں کی رسم دیوالی سے اس رسم کو لیا گیا ہے کیونکہ ہندوستان میں اکثر رسوم بدعیہ زمانہ کفر ہی کی باقی ہیں ۔
(بارہ مہینوں کے فضائل و احکام: ص : ٣٨)

اسی طرح مولانا عبد الحئ حنفی فرماتے ہیں: 
عام جاہلوں نے اس رات کو (رجب کی ستائیسویں اور شعبان کی پندرہویں شب کو گویا دو عیدیں بنا رکھی ہیں اور شعائر اسلام سمجھ رکھا ہے ، حالانکہ یہ صریح بدعت ہے ۔اس میں چراغ اور روشنی کرنا صریح خلاف سنت ہے ۔تعجب ہے کہ لوگ بدعت سے کس طرح چمٹے ہوئے ہیں اور سنتوں کے متعلق پروا نہیں کرتے ۔
(الآثار المرفوعہ : ص: ٦٢)

Recent posts

وقف ترمیمی بل

عامۃ المسلمین میں ایسے کئی لوگ ہوسکتے ہیں جو نئے وقف قانون کی باریکیوں سے واقف نہ ہوں اسی لئے یہ ضروری سمجھا گیا کہ اس پر تفصیلی گفتگو ہو۔ م...