بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
موضوع: فقہ حنفی میں امامت کے شرمناک شرائط
مصادر: مختلف مراجع و مصادر
محمد اقبال قاسمی سلفی
امامت کون کرے یا لوگوں میں سے امام کس کو بنایا جائے ۔اس تعلق سے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی واضح حدیث موجود ہے ۔
صحیح مسلم میں ابو مسعود بدری انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
يَؤُمُّ الْقَوْمَ أَقْرَؤُهُمْ لِكِتَابِ اللهِ، فَإِنْ كَانُوا فِي الْقِرَاءَةِ سَوَاءً، فَأَعْلَمُهُمْ بِالسُّنَّةِ، فَإِنْ كَانُوا فِي السُّنَّةِ سَوَاءً، فَأَقْدَمُهُمْ هِجْرَةً، فَإِنْ كَانُوا فِي الْهِجْرَةِ سَوَاءً، فَأَقْدَمُهُمْ سِلْمًا۔
لوگوں کی امامت وہ کرائے جو ان میں سے کتاب اللہ کو زیادہ پڑھنے والا ہو ، اگر وہ پڑھنے میں برابر ہوں تو وہ جو ان میں سے سنت کا زیادہ عالم ہو ، اگر وہ سنت ( کے علم ) میں بھی برابر ہوں تو وہ جس نے ان سب کی نسبت پہلے ہجرت کی ہو ، اگر وہ ہجرت میں برابر ہوں تو وہ جو اسلام قبول کرنے میں سبقت رکھتا ہو ۔
(صحيح المسلم : 1524)
امامت کا زیادہ مستحق کون ہے، اس حدیث میں بالترتیب چار وجوہ استحقاق کو بیان کیا گیا ہے۔
(1) قوم کی امامت وہ کراۓ جو کتاب اللہ کا زیادہ قاری ہو۔ (2) اس کے بعد ان میں سے جو سنت کا زیادہ عالم ہو۔
(3) اس کے بعد جس نے ہجرت پہلے کی ہو ۔
(4) اس کے بعد جو عمر میں بڑا ہو، بعض راویوں نے اسلام کا ذکر کیا ہے یعنی اسلام قبول کرنے میں جس نے سبقت کی ہو۔
اس صحیح حدیث کے مقابلے میں فقہ حنفی کی شرائط کا ملاحظہ کریں ۔
صحیح حدیث کے برخلاف فقہ حنفی میں احقیت امامت کے ترتیب وار سولہ مرحلے بتائے گئے ہیں۔ جو درج ذیل ہیں:
چنانچه رد المختار علی در المختار میں اس طرح بیان کیا گیا ہے :
والاحق بالامامة الاعلم باحكام الصلواة ثم الاحسن تلاوة للقراة ثم الأورع ثم الاسن ثم الاحسن خلقاً ثم الاحسن وجهاً ثم اصبحهم اى اسمحهم وجها ثم اكثرهم حسبا ثم الاشرف نسبا ثم الاحسن صوتاً ثم الاحسن زوجة ثم الأكثر مالاً ثم الأكثر جاهاً ثم الانظف ثوبا ثم الاكبر رأسا والاصغر عضواً ثم المقيم على المسافر ثم الحر الاصلى على العتيق ثم المتيمم عن حدث على المتيمم عن جنابة فان استووا يقرع او الخيار الى القوم.
ردالمحتار علی در المختار شرح فی تنویر الابصار ص ۱۳/۱-۴۱۲]
ترجمہ : ١ امامت کا سب سے زیادہ حق دار وہ شخص ہے جو نماز کے احکام سب سے زیادہ جانتا ہو۔ ۲:۔ پھر وہ جو سب سے اچھی تلاوت کرنے والا ہو۔ ۳:۔ پھر وہ جو سب سے زیادہ پرہیز گار ہو۔ ۔ پھر وہ جو سب سے پہلے اسلام لایا ہو۔ ۵:۔ پھر سب سے اچھے اخلاق والا ۔ ۶:۔ پھر سب سے زیادہ خوبصورت ۔ ۷:۔ پھر سب سے زیادہ روشن چہرے والا ۔ ۔ پھر سب سے زیادہ حسب والا۔ و پھر سب سے زیادہ شریف نسب والا ۔ ۱۰:۔ پھر سب سے زیادہ اچھی آواز والا ۔ 11۔ پھر سب سے زیادہ خوبصورت بیوی والا ۔ ۱۲:۔ پھر سب سے زیادہ مال والا۔ ۱۳:۔ پھر سب سے زیادہ بڑے مرتبے والا ۔ ۱۴:۔ پھر سب سے زیادہ خوش لباس ۱۵:۔ پھر بڑے سروالا ۔ ۱۶:۔ چھوٹے آلہ تناسل والا ۔ ۱۷:۔ پھر مقیم مسافر پر۔ ۱۸ پھر اصلی آزاد آزاد شدہ پر ۔ ۱۹:۔ پھر وضو کے قائم مقام تیم کرنے والا غسل کے قائمقام تیم کرنے والے پر۔ ۲۰:۔ تو اگران سب شرائط میں برابر ہوں تو پھر قرعہ اندازی کی جائے گی یا ۲۱:۔ پھر قوم کو اختیار دے دیا جائے گا کہ جس کو چاہے امام بنائے.
یہ ہیں وہ گائڈ لائنس جو فقہ حنفی نے أمام کے انتخاب کے لیے اپنے ماننے والوں کو عنایت کیے ہیں جو کہ کسی بھی صحیح حدیث میں مذکور نہیں ہے ، صحیح تو کیا کسی ضعیف اور موضوع سند سے بھی ایسی کوئی روایت موجود نہیں ہے جس میں یہ شرطیں موجود ہوں۔
ان شرائط میں سے مضحکہ خیز شرط ہے "پھر سب سے خوبصورت بیوی والا"۔ جیساکہ احقیت نمبر گیارہ میں بیان کیا گیا ہے یعنی اگر مذکورہ بالا دس اوصافِ میں سارے امیدوار امام مساوی ہوں تو پھر امامت کے لیے اس امام کو تر جیح دی جائے گی جس کی بیوی سب سے زیادہ خوبصورت ہو۔ اور یہ احناف کے مفتی بہ مسائل میں سے ہے۔ جیساکہ دارالعلوم دیوبند سے جب اس بابت دریافت کیا گیا کہ امامت کی شریعت میں جہاں بہت سارے شرائط ہیں کیا ان میں ایک یہ بھی ہے کہ جب تمام چیزوں میں برابری پا ئی جائے گی تو امامت کا حق اسکو حاصل ہوگا جسکی بیوی سب سے زیادہ خوبصورت ہو؟
تو دارالعلوم دیوبند نے جواب دیا:
امامت میں سب سے پہلے استحقاق اس شخص کو ہے جو صحیح العقیدہ ہونے کے ساتھ مسائل طہارت ونماز سے واقف ہو یعنی عالم ہو اور قرآن صحیح پڑھنا جانتا ہو، پھر اس کی ایک ترتیب ہے کہ اس کے بعد کون زیادہ حق دار ہے، اس کے اخیر میں ایک مرحلہ یہ بھی ہے کہ اگر سب لوگ مطلوبہ اوصاف میں برابر ہوں تو ان میں جس کی بیوی زیادہ خوبصورت ہوگی اس کو استحقاق ہوگا کیوں کہ ایسا شخص قلب ونظر کے اعتبار سے زیادہ عفیف ہوگا۔
دارالافتاء
دارالعلوم دیوبند
فتویٰ نمبر : 42873
اس فتوے کے مطابق بھی فقہ حنفی میں استحقاق امامت کی ایک ترتیب اور ایک مرحلہ یہ ہے کہ جس کی بیوی زیادہ خوبصورت ہوگی وو امامت کا زیادہ مستحق ہوگا بہ نسبت اس امام کے جس کی بیوی کم خوبصورت ہوگی ۔
یعنی مطلوبہ اوصافِ برابر ہونے کی صورت میں امامت کے لیے اس قاری، عالم، مفتی اور متقی کو ترجیح دی جائے گی جس کے پاس سب سے زیادہ خوبصورت بیوی ہوگی۔
فتوے میں اس کی توجیہ یہ کی گئی ہے کہ ایسا شخص قلب ونظر کے اعتبار سے زیادہ عفیف ہوگا۔
لیکن یہ توجیہ اس لیے بے بنیاد ہے کہ
اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے نکاح کو مطلقاً عفت و پاکدامنی کا ذریعہ بتایا ہے، جیساکہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں کہ
: كُنَّا مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ شَبَابًا لَا نَجِدُ شَيْئًا، فَقَالَ لَنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: يَا مَعْشَرَ الشَّبَابِ، مَنِ اسْتَطَاعَ الْبَاءَةَ فَلْيَتَزَوَّجْ، فَإِنَّهُ أَغَضُّ لِلْبَصَرِ، وَأَحْصَنُ لِلْفَرْجِ، وَمَنْ لَمْ يَسْتَطِعْ فَعَلَيْهِ بِالصَّوْمِ فَإِنَّهُ لَهُ وِجَاءٌ.۔
ہم نبی کریم ﷺ کے زمانہ میں نوجوان تھے اور ہمیں کوئی چیز میسر نہیں تھی۔ نبی کریم ﷺ نے ہم سے فرمایا کہ نوجوانوں کی جماعت ! تم میں جسے بھی نکاح کرنے کے لیے مالی طاقت ہو اسے نکاح کرلینا چاہیے کیونکہ یہ نظر کو نیچی رکھنے والا اور شرمگاہ کی حفاظت کرنے والا عمل ہے اور جو کوئی نکاح کی بوجہ غربت طاقت نہ رکھتا ہو اسے چاہیے کہ روزہ رکھے کیونکہ روزہ اس کی خواہشات نفسانی کو توڑ دے گا۔
صحیح بخاری: حدیث نمبر : 5066
تو ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ استحقاق امامت کی اس لمبی حنفی ترتیب میں شادی شدہ امام کو غیر شادی شدہ پر ترجیح دی جاتی تو کہیں بہتر ہوتا۔
اور بیوی کو ملاحظہ کرنا ہی تھا تو خوبصورتی کے بجائے امام صاحب کی بیوی کی خوب سیرت اور حسن کردار کو زیر ترتیب لایا جاتا کہ امام اسے بنایا جاۓ گا جس کی بیوی سب سے زیادہ نیک سیرت وکردار والی ہوگی، تو تھوڑی دیر کے لیے نقلا نہ سہی عقل میں بات سماتی۔
حضرت ابوھریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
" تُنْكَحُ الْمَرْأَةُ لِأَرْبَعٍ: لِمَالِهَا، وَلِحَسَبِهَا، وَجَمَالِهَا، وَلِدِينِهَا، فَاظْفَرْ بِذَاتِ الدِّينِ تَرِبَتْ يَدَاكَ"
عورت سے نکاح چار چیزوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اس کے مال کی وجہ سے اور اس کے خاندانی شرف کی وجہ سے اور اس کی خوبصورتی کی وجہ سے اور اس کے دین کی وجہ سے اور تو دیندار عورت سے نکاح کر کے کامیابی حاصل کر، اگر ایسا نہ کرے تو تیرے ہاتھوں کو مٹی لگے گی (یعنی اخیر میں تجھ کو ندامت ہو گی)
صحیح بخاری: حدیث نمبر : 5090
اس حدیث کی رو سے اگر شرط لگانی ہی تھی تو خوبصورتی کے بجائے خوب سیرت ہونے کو وجہ ترجیح قرار دیا جاتا تو کہیں زیادہ مناسب اور لائق ہوتا۔
لیکن امامت کے لیے وجہ ترجیح یہ کہ امام اسے بنایا جائے گا جس کی بیوی زیادہ حسین ہوگی، یہ بات آج تک مجھے تو کیا فقہ حنفی پر عمل کرنے والے حنفیوں کی عقل میں نہیں سمائی ۔اسی لیے اماموں کے انتخاب میں کہیں بھی حنفی کمپنی اس ترتیب کو ملحوظ نہیں رکھتی ہے ۔ حالانکہ جب یہ فقہ میں مذکور ہے اور غیر منسوخ ہے تو اس پر انہیں عمل پیرا ہونا چاہیے تھا ، لیکن عجب طرفہ تماشا ہے ایک طرف اس مسئلے کو صحیح مانتے ہوئے اس کا دفاع کرتے ہیں ،اسی ک۔ مطابق فتوے دیتے ہیں لیکن جب عمل کرنے کی باری آتی ہے تو اسے یکسر فراموش کر دیا جاتا ہے ۔
احناف کا اس ترتیب پر عمل نہ کرنا اور عمل کرنے سے پرہیز کرنا یہ بتاتا ہے کہ فقہ حنفی کا یہ مسئلہ خود ان کی نظر میں بھی حیاسوز اور مردود و مطروح ہے۔
ورنہ اس ترتیب کی رو سے ہر عالم ، مفتی،متقی کو اپنے علم و افتاء اور تقوے کے علاوہ اس بات کی بھی فکر کرنی ہوگی کہ آیا اس کی بیوی خوبصورت ہے یا نہیں ۔ خوبصورت بیوی ہونے کے لیے لازمی طور سے انہیں ان لڑکیوں سے نکاح کرنا ہوگا جو خوبصورت ہوں۔
جبکہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
يَا أَيُّهَا النَّاسُ، أَلَا إِنَّ رَبكُمْ وَاحِدٌ، وَإِنَّ أَباكُمْ وَاحِدٌ، أَلَا لَا فَضْلَ لِعَرَبيٍّ عَلَى أَعْجَمِيٍّ، وَلَا لِعَجَمِيٍّ عَلَى عَرَبيٍّ، وَلَا لِأَحْمَرَ عَلَى أَسْوَدَ، وَلَا أَسْuسوَدَ عَلَى أَحْمَرَ، إِلَّا بالتَّقْوَى۔
لوگو! تمہارا رب ایک ہے اور تمہارا باپ بھی ایک ہے یاد رکھو! کسی عربی کو کسی عجمی پر کسی عجمی کو کسی عربی پر کسی گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو کسی گورے پر ۔ سوائے تقویٰ کے اور کسی وجہ سے فضیلت حاصل نہیں ہے۔
مسند احمد: حدیث نمبر : 27647